-->
ايک گائے اور بکری

ايک گائے اور بکری



ايک گائے اور بکری



اک چراگاہ ہری بھری تھی کہيں
تھی سراپا بہار جس کی زميں
کيا سماں اس بہار کا ہو بياں
ہر طرف صاف ندياں تھيں رواں
تھے اناروں کے بے شمار درخت
اور پيپل کے سايہ دار درخت
ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائيں آتی تھيں
طائروں کی صدائيں آتی تھيں
کسی ندی کے پاس اک بکری
چرتے چرتے کہيں سے آ نکلی
جب ٹھہر کر ادھر ادھر ديکھا
پاس اک گائے کو کھڑے پايا
پہلے جھک کر اسے سلام کيا
پھر سليقے سے يوں کلام کيا
کيوں بڑی بی! مزاج کيسے ہيں
گائے بولی کہ خير اچھے ہيں
کٹ رہی ہے بری بھلی اپنی
ہے مصيبت ميں زندگی اپنی
جان پر آ بنی ہے ، کيا کہيے
اپني قسمت بري ہے ، کيا کہيے
ديکھتی ہوں خدا کی شان کو ميں
رو رہی ہُوں بُروں کی جان کو ميں
زور چلتا نہيں غريبوں کا
پيش آيا لکھا نصيبوں کا
آدمی سے کوئی بھلا نہ کرے
اس سے پالا پڑے ، خدا نہ کرے
دودھ کم دوں تو بُڑبُڑاتا ہے
ہوں جو دُبلی تو بيچ کھاتا ہے
ہتھکنڈوں سے غلام کرتا ہے
کن فريبوں سے رام کرتا ہے
اس کے بچوں کو پالتی ہوں ميں
دودھ سے جان ڈالتی ہوں ميں
بدلے نيکی کے يہ برائی ہے
ميرے اللہ!  تري دہائی ہے
سن کے بکری يہ ماجرا سارا
بولی ، ايسا گلہ نہيں اچھا
بات سچی ہے بے مزا لگتی
ميں کہوں گی مگر خدا لگتی
يہ چراگہ ، يہ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا
يہ ہری گھاس اور يہ سايا
ايسی خوشياں ہميں نصيب کہاں
يہ کہاں ، بے زباں غريب کہاں!
يہ مزے آدمی کے دم سے ہيں
لطف سارے اسی کے دم سے ہيں
اس کے دم سے ہے اپنی آبادی
قيد ہم کو بھلی ، کہ آزادی
سو طرح کا بنوں ميں ہے کھٹکا
واں کی گزران سے بچائے خدا
ہم پہ احسان ہے بڑا اس کا
ہم کو زيبا نہيں گلا اس کا
قدر آرام کی اگر سمجھو
آدمی کا کبھی گلہ نہ کرو
گائے سن کر يہ بات شرمائی
آدمی کے گلے سے پچھتائی
دل ميں پرکھا بھلا برا اس نے
اور کچھ سوچ کر کہا اس نے

يوں تو چھوٹی ہے ذات بکری کی
دل کو لگتی ہے بات بکری کی

...........

چراگاہ: گھاس والی جگہ جہاں جانور چرتے ہیں، کہیں: کسی جگہ، سراپا: پوری طرح، بہار: مراد سر سبز، تازہ، سماں: نظارہ، رواں: جاری، بہنے کی حالت، طائروں: جمع پرندہ، پرندے، صدائیں: آوازیں، چرتے چرتے: گھاس کھاتے کھاتے، آنکلنا: اتفاق سے یا اچانک آجانا، جھک کر: مراد ادب سے، سلیقہ: اچھا طریقہ، خیر: شکر ہے، بری بھلی: جس میں پوری طرح سکون نہ ملتا ہو، جان پر آ بننا: بہت تکلیف میں ہونا، کیا کہیے: کیا بتاؤں، خدا کی شان دیکھنا: خدا کی  بے نیازی پر سوچنا، بروں کی جان کو رونا: ظالموں کو بدعائیں دینا، پیش آنا: سامنے آنا، پالاپڑنا: واسطہ پڑنا، بڑبڑانا: چپکے چپکے برا بھلا کہنا، ہتھکنڈے: چالاکیاں، رام کرنا: قابو میں کرنا، جان ڈالنا: صحتمند بنانا، ماجرا: قصہ، بے مزہ لگنا: اچھی نہ لگنا، خدا لگتی کہنا: سچی، انصاف کی بات کہنا،  چراگاہ: سبزہ زار، نصیب کہاں: حاصل نہیں ہیں، بےزبان: مراد جانور، بھلی: اچھی، بنوں: بن کی جمع، جنگل، کھٹکا: ڈر، واں: وہاں، یعنی جنگل، گذران: وقت گذارنا، احسان: مہربانی، زیبا: اچھا، قدر: قیمت، اہمیت، پچھتائی: شرمندہ ہوئی، پرکھا: جانچنا، ذات: وجود، جنس، دل کو لگنا: دل پر اثر کرنا، اچھا لگنا، 

0 Response to "ايک گائے اور بکری"

Post a Comment

Iklan Atas Artikel

Iklan Tengah Artikel 1

Iklan Tengah Artikel 2

Iklan Bawah Artikel